افسران و اہلکار پہلے سلام پھر کلام کی پالیسی پر عمل پیرا ہو کر ڈیوٹیاں انجام دیں‘ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب

پشاور: سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام ٹریفک ہیڈ کوارٹر گلبہار میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت‘ ایس پی سٹی ٹریفک ہیڈکوارٹرز افتخار علی ‘ ایس پی ٹریفک کینٹ امان اللہ‘ ایس پی سٹی ٹریفک عبداالسلام خالد سمیت ڈی ایس پیز نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کو شہر میں جاری مہمات تجاوزات مافیا کے خلاف آپریشن‘ ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن‘ سیٹ بیلٹ کے بغیر ڈرائیونگ‘ دوران سفر موبائل فون کے استعمال‘ بغیر رجسٹریشن کی موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائیوں بارے بریفنگ دی جس پر چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے اطمینان کا اظہار کیا اور کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ تقریب میں چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ڈی ایس پیز میں بہتر کارکردگی پر توصیفی سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران و اہلکار پہلے سلام پھر کلام کی پالیسی پر عمل پیرا ہو کر ڈیوٹیاں انجام دیں اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام افسران و اہلکار پوری جانفشانی کیساتھ ٹریفک کی روانی اور شہریوں میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کیلئے کردار ادا کریں،چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور میں سزا و جزا کا عمل اسی طرح جاری رہے گا بہتر کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی جبکہ غفلت برتنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائیگی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں