امریکا میں فائرنگ سے جاں بحق پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کر دی

کراچی: امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ کی نماز جنازہ یونیورسٹی روڈ پر واقع حکیم سعید گراؤنڈ میں ادا کردی گئی۔گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، پیپلز پارٹی رہنما سعید غنی، پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال سمیت سیاسی رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد حکیم سعید گراؤنڈ میں موجود تھی، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔طالبہ کی تدفین شاہ فیصل کالونی میں واقع عظیم پورہ قبرستان میں کی جائے گی۔جہاں اس کو دادی کے پہلو میں سپردخاک کیا جائے گا۔

اس سے قبل سبیکا شیخ کی میت ترکش ایئرلائن کی پرواز ٹی کے 708 کے ذریعے صبح 4 بجے کے قریب کراچی پہنچی۔کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) اہل کاروں نے سبیکا کی میت کو سلامی دی۔امریکی قونصل جنرل جون وارنر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا بھی ایئرپورٹ کارگو کمپلیکس پر موجود تھے۔بعدازاں سیکیورٹی کے ساتھ قافلے کی صورت میں طالبہ کا جسدِ خاکی گھر لایا گیا۔سبیکا کے گھر کے باہر عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی، جہاں کی فضا سوگوار تھی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں