تحریک لبیک کے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع

تحریک لبیک کے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع وزیراعظم عمران خان نے چین سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج کے دوران املاک کا نقصان کرنے والے شر پسند عناصر کے خلاف فوری طور پر کارروائی کی جائے جس کے بعد تحریک لبیک کے کارکنوں کے خلاف پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اوروفاقی پولیس نے مذہبی جماعت کے اسلام آباد میں مظاہروں، جلاو گھیراو کے مقدمات میں مطلوب 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا، دوسری طرف اٹک میں بھی جلاو گھیراو کرنے والوں کے خلاف 4 مقدمات درج کرلیے گئے۔اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ کورال اور شہزاد ٹاون نے کاروائی کرتے ہوئے 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ملزمان نے ترامڑی چوک پر حملہ کرکے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو زخمی کیا تھا، ملزمان پر دہشت گردی، پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنے اوردفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مقدمات درج ہیں۔اسلام آباد پولیس کے مطابق مختلف مقدمات میں مذہبی جماعتوں کے 20 کارکنان سمیت 100 سے زائد نامعلوم افراد نامزد ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کے احکامات پر تمام ملزمان کو جلد گرفتار کرلیں گے۔

دوسری جانب اٹک میں احتجاج کے دوران توڑپھوڑ، جلاو گھیراو کرنیوالوں کے خلاف مختلف تھانوں میں 4 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق مقدمات سٹی، جنڈ، فتح جنگ اور پنڈی گھیب کے تھانوں میں درج کیے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں