کمشنر ہزارہ ڈویژن ریاض خان محسود نے ایبٹ آباد میں مجوزہ سپورٹس جمنازیم فوری تعمیر کرنے کا فیصلہ

کمشنر ہزارہ ڈویژن ریاض خان محسود نے ایبٹ آباد میں مجوزہ سپورٹس جمنازیم کی تعمیر کے لیے موزوں اراضی کی نشاندہی اورحصول کے حوالے سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ نوجوانوں اور عام شہریوں کی صحت کے مفاد میں اس اہم منصوبے کی راہ میں تمام رکاوٹیں فوری دور کرنے کے اقدامات کریں تا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کئے گئے فنڈزکو بھی منصوبے کے لیے استعمال کیا جاسکے۔کمشنر ہزارہ نے خد شہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ عیدالاضحیٰ پر اگرکورونا سے بچاؤ کے لئے حفاظتی ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو یہ مہلک وباء دوبارہ سر اٹھا سکتی ہے اس لیے انتظامیہ ایس او پی ز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کے لیے تمام ناگزیر اقدامات کرے۔ یہ ہدایات انہوں نے پیر کے روز اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد محمد مغیث ثناء اللہ،عسکری و کینٹ بورڈ حکام، ڈائریکٹر سپورٹس خیبرپختونخوا،ڈائریکٹر سپورٹس ڈویلپمنٹ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔کمشنر ہزارہ ریاض خان محسود نے کہا کہ ایبٹ آباد میں ان ڈور کھیلوں کے لیے مجوزہ سپورٹس جمنازیم کمپلیکس کینٹ ایریا سمیت پورے ایبٹ آباد کے علاوہ ہزارہ ڈویژن کے دیگر اضلاع کے لیے بھی بہت بڑی سہولت ہو گی اس لیے اس اہم منصوبے کی تعمیر جلد از جلد شروع کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں اور اس کے مقام کی نشاندہی اور مطلوبہ اراضی کے حصول کے معاملات کنٹونمنٹ بورڈکی مشاورت اور تعاون سے حل کرکے جامع رپورٹ پیش کی جائے۔ریاض خان محسود نے کینٹ ایریا سمیت شہر کے تمام علاقوں میں صفائی کی صورتحال اور خراب سٹریٹ لائٹس کوعید سے قبل ٹھیک کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایبٹ آباد کو صاف ستھرا کر کے اس کی خوبصورتی بحال کی جائے۔ کمشنر ہزارہ نے خبردار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کورونا وباء کے پھیلاؤ کی شدت میں ظاہر ہونے والی کمی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ آئندہ عید الاضحی پر کورونا سے بچاؤ کی تدابیر پر سختی سے عمل کرایا جائے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں