ایبٹ آباد: ڈبل شفٹ سکولز اساتذہ کی تربیت سے طلبہ و طالبات کوبہتر تعلیم و تربیت کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ ڈپٹی کمشنر
حکومتی ہدایات کے مطابق تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈبل شفٹ سکول کا آغاز کیا گیا ہے جس سے زیادہ سے زیادہ بچوں، بچیوں کو سکول جانے اور اچھی تعلیم و تربیت کا موقع ملے گا۔ سیکنڈ شفٹ اساتذہ کی ٹریننگ کے زریعے بہتر تعلیم و تربیت اور نگہداشت میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنرایبٹ آباد طارق سلام مروت نے ڈبل شفٹ سکولز اساتذہ کے لیے منعقدہ ٹریننگ ورکشاپ کے موقع پرکیا۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ محنت اور لگن سے بچوں کی تعلیم پر توجہ دیں تا کہ معیاری تعلیم کے فروغ کو یقینی بنایا جائے۔ ورکشاپ میں میل اور فیمیل اساتذہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ ملک تنویر اور دیگر سینئر افسران نے اساتذہ کو ڈبل شفٹ سکولز کے حوالے سے لیکچرز اور آگاہی فراہم کی۔
ضلع ایبٹ آباد میں ڈبل شفٹ کے تحت 31 پرائمری، مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں 250 سے زائد میل اور فیمیل ٹیچنگ سٹاف کوتعینات کیا گیا ہے جہاں 1700 سے زائد بچوں اور بچیوں کو تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ کپیسٹی بلڈنگ ورکشاپ 5 تا 7 جنوری گورنمنٹ ہائی سکول نمبر4 ایبٹ آباد میں جاری رہے گی جہاں سیکنڈ شفٹ سکولز اساتذہ کو درس و تدریس، سلیبس، کلاس مینجمنٹ و دیگر پر مکمل ٹریننگ فراہم کی جائے گی۔ ٹریننگ میں ماہر اساتذہ اکرام جن میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ محمد تنویر، ڈاکٹر عبد الوحید، ڈاکٹر جاوید، ڈپٹی ڈی ای او محمد نصیر اور دیگر ماہرین ایجوکیشن کے حوالے سے ٹریننگ اور آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔
Double shift Education in Abbottabad