پن نے ایم ڈی پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے غیرقانونی اقدامات کے خلاف احتجاج

ایبٹ آباد۔پاکستان ایجوکیشن نیٹ ورک(پن)نے ایم ڈی پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے غیرقانونی اقدامات کے خلاف احتجاج کیا ہے۔اس حوالہ سے پن کے صوبائی صدر سلیم خان ،ضلع ایبٹ آباد کے صدرخالق داد خان پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے ممبر شفقت محمود نے صحافیوں کو بتایا کہ نجی تعلیمی ادارے اپنے وسائل میں رہتے ہوئے فروغ تعلیم کیلئے گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں،ان کی خدمات کے صلہ میں نجی تعلیمی اداروں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔حالہ دنوں میں ایم ڈی پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی نے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف غیرقانونی اقدامات کی حد کردی ہے ۔ایم ڈی اوران کے چہتے ریگولیٹری اتھارٹی کو ملنے والے 7کروڑ روپے کا بجٹ ذاتی الاؤنسز پر خرچ کررہے ہیں۔پن کے ذمہ داروں نے بتایا کہ ریگولیٹری اتھارٹی کے 14اراکین کی منظوری کے بغیر ذاتی حیثیت سے نوٹیفکیشن جاری کررہے ہیں۔سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جو کہ پرائیویٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بھی ہیں نے تمام اضلاع کے ڈی ای اوز کو ہدایت جاری کی ہے کہ ایم ڈی کے ساتھ کسی بھی قسم کی خط وکتابت سیکرٹری تعلیم کی اجازت کے بغیر نہ کی جائے اورنہ ہی ایم ڈی کے غیرقانونی احکامات کی تعمیل کی جائے تاہم اس کے باوجود ایم ڈی نے اپنی روش برقرار رکھتے ہوئے مسلسل غیرقانونی اقدامات اٹھائے۔ایم ڈی کے غیرقانونی اقدامات نے سکولز انتظامیہ اوروالدین کو آمنے سامنے لاکھڑا کردیا ہے جس سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے۔پن کے ذمہ داروں نے ایم ڈی کے خلاف تاریخ ساز احتجاج کا بھی عندیہ دیا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں