پولیس کی امن امان قیام کے لئے بے شمار قربانیاں ہیں: ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ قاضی جمیل

ایبٹ آباد: ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ قاضی جمیل نے کہا ہےکہ پولیس کی امن امان قیام کے لئے بے شمار قربانیاں ہیں،بم دھماکوں اور دہشتگردی میں اہلکاروں اور افسران نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، معاشرے کی اصلاح اور جرائم کا خاتمہ ہمیشہ ترجیحات رہا ہے، جس میں میڈیا کا جرائم کی بیخ کنی کے لئے اہم کردار ہے،جو مختلف پہلو سے مسائل اور خامیوں کی نشاندہی کررہا ہے اس میں مثبت تنقید کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں،چونکہ ہزارہ سیاحت کے اعتبار سے خاصی اہمیت کا حامل ہے ٹوررازم پولیس کے ذریعے سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایبٹ آباد پریس کلب میں تعارفی میٹنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقعہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جاوید اقبال وزیر ،ایس پی شعبہ تفتیش قمر حیات خان، ڈی ایس پی سراج بھی موجود تھے،آر پی او ہزارہ قاضی جمیل کا کہناتھا جہاں بھی پوسٹنگ رہی میڈیا کے ساتھ مکمل رابطہ رہا ہے معلومات تک رسائی میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے کیونکہ معلومات روکنے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں ،انھوں نے کہا کہ منشیات کی روک تھام اور ٹریفک کے مسائل حل کے لئے اقدامات اٹھائیں گے،اورمعاشرے میں بہتری لانے کے لئے میڈیا سے مل کر کام کریں گے،
قبل ازیں صدر پریس کلب محمد عامر شہزاد جدون جنرل سیکرٹری راجہ محمد ہارون اور الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے صدرطاہر حسین شاہ ،جنرل سیکرٹری ہارون تنولی نے ڈی آئی جی کا پریس کلب پہنچنے پر پھولوں کا گلدستہ پیش کیا،صدر اور جنرل سیکرٹری پریس کلب نے ڈی آئی جی ہزارہ قاضی جمیل کو بتایا کہ ایبٹ آباد پریس کلب 1979 سے اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے ضلع میں 12 ریجنل اخبارات کا م کر رہے ہیں اور پشاور پریس کلب کے بعد ایبٹ آباد دوسرا بڑا میڈیا سنڑ ہے جہاں تمام نیوزچینلز،قومی و ریجنل اخبارات، نیوز ایجنسی کے افراد کام کررہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کا میڈیا ذمہ دار میڈیا ہے،ریجن کےامن امان کے قیام اور منشیات کی روک تھام میں کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، اس موقع پر سینئر صحافیوں سردار نوید عالم، سردار محمد شفیق ،محمد شاہد چوہدری،مسرور کاظمی اور دیگر نے ڈی آئی جی کو مختلف تجاویز دیں جن میں نو ہیملٹ نو پیٹرول ،شہر میں لوکل گاڑیوں کے روٹ میں نمبرنگ،اور ڈرگ کےخلاف پہلے کی طرح کاروائیاں جاری رکھنے پر زور دیا گیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں